کوئٹہ میں دھماکا‘ 2افراد جاں بحق‘ ایف سی اہلکاروں سمیت18زخمی

131

کو ئٹہ/اسلام آباد( نمائندہ جسارت+اے پی پی) کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 ایف سی اہلکاروں سمیت 18افراد زخمی ہو گئے، وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں سیکورٹی کے اقدامات کو مزید موثر اور سخت بنایا جائے۔ پولیس کے مطابق میگانگی روڈ پر ایف سی کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکا ہوا ،دھماکے میں فورسز کی گاڑی سمیت موقع پر موجود موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان سول اسپتال ڈاکٹر وسیم بیگ کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت اکرم ولد حاجی عثمان خان کاکڑ سے ہوئی ہے جبکہ دوسرے شخص کی شناخت تاحال نہ ہوسکی،زخمیوں عمر ولد شیر زمان ، عبدالخالق ولد ولی محمد ، وارث ولد عبدالباقی ، نثار احمد ولد بشیر احمد ، ذبیح اللہ ولد لطیف اللہ ، محمد ہاشم ولد محمد منیر احسن مگسی ، عبدالغفار ولد عبدالستار ، باران گل ولد پائند خان ، عاصم ولد رحمت ، اختر ولد عبدالقادر ، عمر خان ولد امین خان ، راز گل ولد باز محمد ، محمد شعیب ولد محمد ایاز ، حاجی عبدالعلیم ولد نور محمد ، آرتھر ولد نتھیانل ، زیلول ولد آرتھر ، محمد روشن ولد محمد ایاز اور مطیع اللہ ولد محمد ایاز شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس سے کیا گیا ،6 کلو دھماکا خیز مواد سڑک کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب تھا۔ دھماکے میں بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے واقعے کی سخت مذمت کی ہے اور ہدایت کی ہے کہ دھماکے میں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے ۔ادھروزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے میکانگی روڈ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گرد ایک مرتبہ پھر شہر اور صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں تاہم دیرپا امن کے قیام کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا اورمعصوم اور بے گناہ شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں سیکورٹی کے اقدامات کو مزید موثر اور سخت بنایا جائے تاکہ دہشت گردوں کو دوبارہ سے سر اٹھانے کا موقع نہ مل سکے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے اور سیکرٹری صحت کو خود نگرانی کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔