نئی دہلی: بھارت کاخطے میں امن و سلامتی کی کوششوں کا مقصد رسد اور تیل کی ترسیل، توانائی پیدا کرنے والے پلانٹس کی سلامتی اور مشرقی وسطیٰ میں اپنی سرمایہ کاری کے تحفظات کو یقینی بنانا ہے۔
اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پرایک شخص نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ ایران کے مابین تناؤ میں اضافے نے دنیا کو خوف زدہ کردیا ہے۔ اس خطے میں امن، استحکام اور سلامتی بھارت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بھارت کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ صورتحال مزید بڑھ نہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ تہران اور واشنگٹن دونوں کے مابین بڑھتے تناؤ سے بھارت ایک نازک صورتحال میں پھنس چکا ہے۔ امریکہ اور ایران میں کسی بھی قسم کا تصادم خلیج فارس میں سمندری راستوں کو متاثر کرے گا اور رسد اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا اس تناؤ کو کم کرنے کا مقصد خطے میں توانائی پیدا کرنے والے پلانٹس کی سلامتی اور مشرقی وسطیٰ میں اپنی سرمایہ کاری کے تحفظات کوبھی یقینی بنانا ہے جس کی مالیت 8 ملین ڈالرز ہے جس میں سے5.2 ڈالرز کی سرمایہ کاری صرف سعودی عرب میں ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نےامریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو، ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف اور متحدہ عرب امارات، قطر، عمان اور اردن کے وزرائے خارجہ سے امریکہ ایران کشیدگی کو کم کرنے کے طریقوں پر بات چیت کی اور اس معاملے پر تبادلہ خیال کیاہے۔