ایران امریکہ کشیدگی: سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے،وزیرخارجہ

296

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ معاملات کی بہتری کیلیے سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ خطہ کسی کشیدگی کا متحمل نہیں ہوسکتا،طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے، خطے میں استحکام چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کی معاملے پر گہری نظر ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ وہ جنگ کا ارادہ نہیں رکھتے، امریکا میں بھی ایک بہت بڑا طبقہ ہے جوجنگ نہیں چاہتا ہے،معاملات بات چیت سے حل ہونے چاہیں،معاملات کی بہتری کیلئے سلامتی کونسل کو کردار ادا کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے خطے نے بہت بڑی قیمت ادا کی ہے اور کر رہا ہے، پاکستان امن کا خواہش مند ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ مختلف وزراء خارجہ سے تبادلہ خیال ہوا ہے، گزشتہ روز قطر کے وزیرخارجہ سے بھی بات ہوئی تھی جو تہران تشریف لے گئے تھے، قطر کے وزیر خارجہ کی صورتحال پر نظر ہے اور مزید بھی رابطوں کا ارادہ ہے، معاملات کشیدگی اختیار کر رہے ہیں ایسے حالات میں بردباری کی ضرورت ہے۔