سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں لوگ کرفیو جیسی پابندیوںکو خاطر میں نہ لاتے ہوئے شہید زاہد حسن کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں امنڈ آئے ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق زاہد حسن کو بھارتی فوج ، پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے گزشتہ ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک مشترکہ کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔ لوگوں نے شہید کی نماز جنازہ کے موقع پر آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔دریں اثنا آج 157ویں روز بھی جاری رہنے والے بھارتی محاصرے کے باعث وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف اور دہشت کا ماحول برقرار رہا۔ سخت موسمی حالات، پابندیوں ، انٹرنیٹ اور پری پیڈ موبائل فون سروز کی بندش کے باعث لوگوںکو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے آج آٹھویں روز بھی ضلع راجوری کے علاقوں مانگل ، ڈراٹ اور دبار پھوٹہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں ۔ لوگوں کو سخت سردی میں گھنٹوں تک گھروں سے باہر رہنے پر مجبور کیا جاتا ہے ۔ قابض بھارتی فوج آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹروں کا بھی استعمال کر رہی ہے۔ سرینگر شہر کے علاقے حبک میں آج دستی بم کے ایک دھماکے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔