ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کو فوری روکاجائے ،عبدالستار بیگا

141

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی114 کے امیرمیاںعبدالستاربیگا،جنرل سیکرٹری چودھری نویداسلم اوردیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شہربھرمیں ملاوٹ شدہ دودھ فروخت ہورہاہے، ناقص دودھ پینے کے باعث معصوم بچے پیٹ کے مہلک امراض میں مبتلاہورہے ہیں،جماعت اسلامی کے امیر میاںعبدالستاربیگانے ناقص، ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والے باڑوں و دکانداروں کیخلاف حکام بالا سے کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ شہر کی ڈیری فارم، بھینسوں کے باڑوں، ہوٹلوں، دکانوں پر پائوڈر ملا کر فروخت کیا جارہاہے۔ شہریوں کے مطابق دودھ کو گرم کرنے، دودھ میں ملائی جمنے کے بجائے سوکھے پاوڈر کے پیس بن رہے ہیں اور بچے صحت مند ہونے کے بجائے پیٹ کے مہلک امراض میں مبتلا ہورہے ہیں۔رہنمائوںنے ضلعی انتظامیہ کی مبینہ غفلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں کھانے پینے کی اشیا بغیر چیک اینڈ بیلنس کے فروخت ہورہی ہیں جبکہ ہوٹلوں پر غیر معیاری آئل، اجینو موتو، بیکری و ہوٹلوں میں تیار ہونے والا کھانا و کیک، بسکٹ حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جارہا اور محکمہ فوڈ ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی نا ہونے کے برابر ہے۔ دودھ میں بھی بڑے پیمانے پر ملاوٹ کا مکروہ دھندہ شروع ہوچکا ہے، جس کے باعث بچے پیٹ کے امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنمائوں میاںعبدالستاربیگا،چودھری نوید اسلم،حاجی محمد حنیف ، رانا طارق سرور، میاں زبیر لطیف نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈائریکٹر فوڈ، محکمہ صحت سے فیصل آبادشہر میں عملی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔