مقبوضہ کشمیرمیں محاصروں اور چھاپوں کا سلسلہ تیزکردیا گیا

102

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے 26 جنوری کو نام نہاد بھارتی یوم جمہوریہ سے پہلے محاصروں اور تلاشیوں کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز اہلکاروںنے بدھ کے روز سرینگر کے علاقے آبی گزر میں سہ پہر کے وقت تلاشی کی کارروائی عمل میں لائی۔ لاکت لانچروں اور دیگر جدید ہتھیاروں سے لیس بھارتی سینٹر ل ریزرو پولیس فورس اور پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ کے اہلکاروں نے اچانک علاقے میں نمودار ہو کر ہوٹلوں، ریائشی عماروں اور دیگر جگہوں کی سخت تلاشی لی۔ اس دوران ہر طرف تنائو اور کشیدگی کا ماحول بنا رہا۔ ادھر قابض بھارتی فورسز اہلکاروں نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے آروڈہ، ذی پتھری، کیلر، سانبور اور دیگر کئی دیہات میں تلاشی کی کارروائیاںکیں۔ بھارتی اہلکاروں نے مذکورہ دیہات کے تمام داخلی اور خارجی راستے خار دار تاریں بچھا کر سیل کر دیے اور مکانوں کی تلاشی لی اور لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کیے۔ بھارتی دفاعی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تلاشی کی کارروائیوں کا یہ سلسلہ 26 جنوری کے پیش نظر شروع کیا گیا ہے۔