نارکوٹکس ایکٹ میں ترامیم کیخلاف پختونخوا بار کونسل کا ہڑتال کا اعلان

73

پشاور (نمائندہ جسارت) ضابطہ دیوانی اور نارکوٹکس ایکٹ میں ترامیم کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل نے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کردیا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے حال ہی میں ضابطہ دیوانی اور نارکوٹکس ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی جس کے خلاف وکلا پہلے بھی کئی بار ہڑتال کر چکے۔ تاہم پختونخوا بار کونسل نے غیر معینہ مدت تک ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور ساتھ میں عدالتوں سے بھی بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے، جس کے باعث وکلا عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔ وکلا کو عندیہ بھی دیا گیا کہ خلاف ورزی کرنے والے وکلا کے خلاف کارروائی ہوگی۔ بار کونسل کا مؤقف ہے کہ حکومت نے انصاف کی جلد فراہمی کے منافی قوانین منظور کیے جس سے نا صرف لوئر کورٹس کے اختیارات کم کیے گئے بلکہ اس سے سائلین بھی متاثر ہوں گے اس لیے حکومت ترامیم کو فوری واپس لے۔