عمران خان ہر صورت 5 سال پورے کریں گے، شیخ رشید

192

پشاور (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان ہر صورت 5 سال پورے کریں گے، نواز شریف اقتدارمیں شہباز شریف کی وجہ سے آئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی ایکٹ میں ترمیم وقت کی ضرورت ہے، اپوزیشن پہلے اس میں ساتھ نہیں دے رہی تھی تاہم پھر اپوزیشن پر تعویزوں نے کام دکھا دیا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پہلے بھی شہبازشریف کی وجہ سے اقتدار میں آئے اور اب بھی ان کی وجہ سے ہی نواز شریف کو اسپیس مل رہا ہے، فضل الرحمن نے دسمبر کی بات کی تھی لیکن دسمبر گزر گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورا بھارت مودی کے خلاف سڑکوں پر نکل آیا ہے، پہلے صرف کشمیر میں احتجاج ہو رہا تھا اب بھارت کے تقریباً ہر صوبے میں احتجاج ہو رہا ہے۔ حریم شاہ سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ چھوٹے لوگوں کی باتیں نہ کریں، اس طرح لوگ سر پر چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کل نوشہرہ میں نئے ڈرائی پورٹ کا افتتاح کریں گے، ڈرائی پورٹ 51 کروڑ روپے سے مکمل کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتساب عمران خان کا اصل ایجنڈا ہے اور مارچ کے بعد احتساب کا عمل مزید بہترہوگا۔