لاہور(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے حکومت پنجاب کی جانب سے لاہور میں میٹرو بس کا کرایہ 40روپے کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے غریب عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے حکومت سے فیصلہ فی الفورواپس لینے کا مطالبہ کیاہے ۔اپنے بیان میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے دوسری مرتبہ میٹروبس کرایہ میں اضافہ کر کے ظلم کیاہے ۔ سٹاپ ٹو سٹاپ 40 روپے میٹرو بس سروس میں سفر کرنا غریب آدمی کے لیے ناممکن ہے ، غریب عوام یہ کس طرح ادا کریں گے ؟۔ انہوں نے کہاکہ حکمران اور ان کے عاقبت نااندیش مشیروں نے بغیر سوچے سمجھے میٹرو بس کا کرایہ بڑھا دیاہے عوام تو پہلے ہی مہنگائی کا رونا رو رہے ہیں جبکہ حکمران طبقہ ان پر مسلسل مہنگائی کے کوڑے برسا رہاہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت یہ فیصلہ فی الفورواپس لے اور شاہدرہ سے گجومتہ تک مختلف کیٹیگریز میں کرایہ مقرر کیا جائے ۔ اس کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات کو رعایتی کرایہ والا ٹوکن اور معذور افراد اور ساٹھ سال کے بزرگ شہریوں کو مفت سفری سہولت دی جائے یہ حکومت کا اخلاقی و سماجی فرض ہے ۔