کرپٹ افراد کو بچانے کیییے نیب آرڈیننس میں رد و بدل شرمناک فعل ہے

70

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چوہدری عمرفاروق گجر ،جنرل سیکرٹری راشدمحمودنے کہا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام لانے کے دعویداروں نے اپنے ووٹروں سمیت قوم کو شدید مایوس کیا ہے۔ اپنے کرپٹ افراد کو بچانے کے لیے نیب آرڈیننس میں رد و بدل شرمناک فعل ہے۔ احتساب کا پورا نظام ہی شکوک و شبہات پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سنجیدگی کا مظاہرہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ مختلف صوبائی محکمے رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران فیصل آبادسمیت صوبہ بھر میں 94ارب روپے مالیت کے منصوبوں پر ایک پائی بھی خرچ نہ کرسکی ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے لیے حکومت اور اداروں کی روایتی بے حسی، کاہلی اور سستی المیہ ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کے 18ماہ میں صوبے میں بیوروکریسی اکھاڑ بچھاڑ کرکے رکھ دی۔ مگر عوام کو ریلیف میسر آیا اور نہ کوئی بہتری کے اثرات نظر آئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت اقربا پروری پر چل رہی ہے۔ حکمرانوں کی کوئی سمت متعین نہیں ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹ کی ہڑتال سے ملک کو یومیہ 40ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے مگر مجال ہے کہ حکومت نے ان سے مذاکرات کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش کی ہو۔ گڈز ٹرانسپورٹ کے تمام جائزمطالبات کو فی الفور تسلیم کیا جانا چاہیے۔ عمرگجر نے اس حوالے سے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کے ذمے قرضہ 32ہزار 130ارب سے تجاوز کرگیا ۔ ادارے تباہ اور عوام بد حال ہیں جبکہ حکمران عوام کو جھوٹی تسلیاں دے رہیں۔