تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر امیرعلی حاجی زادہ کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں کا مقصد امریکا کی فوجی مشینری کو نشانہ بنانا تھا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق میں امریکی اڈوں پر ایران کے میزائل حملوں کا مقصد کسی کو قتل کرنا نہیں تھا بلکہ امریکا کی فوجی مشینری کو نشانہ بنانا تھا۔
ایرانی کمانڈر نے کہا کہ جب ایران کی جانب سے امریکی ہوائی اڈوں پر میزائل داغے گئے تو امریکی جہاز اور ڈرون سسٹم کو ناکام بنانے کے لیے سائبر حملہ بھی کیا گیا تھا جبکہ ایران کے سیکڑوں میزائل بھی تیار تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل پر امریکا سے بہتر انتقام مشرق وسطیٰ سے امریکی افواج کو نکالنا ہے۔
ایرانی کمانڈر امیر علی حاجی زادہ نے مزید کہا کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر ایران کے میزائل حملے خطے میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کے ایک تسلسل کا آغازہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے 3 جنوری کو بغداد ائرپورٹ پر ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کردیا تھاجس کے بعد ایران کی جانب سے جوابی کاروائی کرتے ہوئے 8 جنوری کو امریکی فوج کے دو ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا، ایرانی ٹی وی نے 80 ہلاکتوں کا دعوی کیا جبکہ امریکہ نے ہلاکتوں کی تردید کی تھی۔