اسرائیل میں امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈمین نے اعلان کیا ہے کہ یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اور گولان ہائیٹس کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کرنے کے بعد ان کا اگلا مرحلہ فلسطین کے مغربی کنارے کااسرائیل کے ساتھ الحاق ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈیوڈ فریڈمین کا کہنا تھا کہ جب سے وہ اسرائیل میں امریکی سفیر بنے ہیں تب سے 1967 کی 6 روزہ جنگ کے بعد باقی رہ جانے والے معاملات کو طے کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اور ان مسائل کے حل پر غور کر رہے ہیں جو اب تک التوا کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تین اہم معاملات ہیں یروشلم، جسے امریکہ پہلے ہی اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر چکا ہے اور اپنا سفارتخانہ وہاں منتقل کرنے کا اعلان کرچکا ہے، گولان ہائیٹس جس پر امریکہ نے اسرائیل کی خود مختاری کو تسلیم کرلیا ہے اور تیسرا مغربی کنارہ جسے اب اسرائیل کے ساتھ الحاق کیا جانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی کنارہ ہزاروں سالوں سے یہودی علاقہ رہا ہے اورتاریخی شواہد سے ثابت ہے کہ وہ یہودیوں کی سر زمین ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین میں 1947 اور 1948 کے درمیان ہزاروں فلسطینیوں کو ذبح کرکے ان کی ریاست میں اسرائیل تشکیل دیا ہے۔ اسرائیل میں موجود یہودی گروہوں نےاب تک 550 فلسطینی دیہات اور شہروں پر حملے کئے ہیں جس کے نتیجے میں 800,000 سے زیادہ فلسطینیوں کو بے گھر کردیا گیا ہے۔