سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے 15 ملکوں کے منظور نظر سفارتکاروں کے دورہ مقبوضہ کشمیر کو بھارتی حکومت کی منصوبہ بند سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے کا مقصد عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے سوا کچھ نہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت فورم کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کو کشمیرمیں ایک مخصوص طبقے سے ملا کر کشمیر کے زمینی حقائق پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجی چھائونیوں میں مخصوص ملاقاتوں کے ذریعے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوگااور وہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے جموں وکشمیر کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت کو ہرگز متاثر نہیں کرسکتا۔ پوری دنیا اس حقیقت سے باخبر ہے کہ بھار ت نے طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور اس نے گزشتہ برس 5 اگست کو کشمیریوں کے تمام بنیادی انسانی اور جمہوری حقوق کو پامال کرنے کی ایک بدترین تاریخ رقم کی ہے۔ کشمیریوں کوعتاب کا نشانہ بنا کر ان کے تمام حقوق سلب کرلیے گئے ہیںاور انہیں انٹرنیٹ، موبائل فون اور آج کے دور کے دیگر جدید مواصلاتی ذرائع سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس وقت حریت رہنمائوں، کارکنوں، تاجروں، وکلا، دانشوروں اور عام نوجوانوں سمیت کشمیریوں کی ایک بڑی تعداد جیلوں اور عقوبت خانوں میں بند ہے۔