کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں برفباری اور بارش، سردی میں اضافہ

124

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ، ندی نالوں میں طغیانی آنے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ کوئٹہ سمیت شمالی اضلاع میں برفباری اور بارشوں سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ بارش کے ساتھ برفباری جبکہ تربت، لورالائی، تمپ، بلیدہ، مند، نوکنڈی، دالبندین، نوشکی، واشک، گوادر، قلات، خضدار، بارکھان، سبی میں بارش ہوئی، بارش کے دوران مختلف اضلاع میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ چمن کے قریب کوژک ٹاپ پر برفباری کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے آج اور کل کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، زیارت، قلعہ سیف اللہ میں بارش کے ساتھ مزید برفباری، جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں مزید بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔ پی ڈی اے حکام کے مطابق مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور برف باری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا، کوئٹہ اور شمالی اضلاع میں حالیہ بارشوں اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا جبکہ اس دوران گیس پریشر بھی ختم ہوکر رہ گیا۔ لوگوں کو سردی سے محفوظ رہنے اور گھریلو معاملات کی انجام دہی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔