حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے ستار شاہ قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 من سے زائد لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت تحویل میں لے کر تلف کردیا۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی کے عملے نے خفیہ اطلاع ملنے پر ستار شاہ قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 4 من سے زائد لاغر اور بیمار جانوروں کا مضر صحت گوشت تحویل میں لینے کے بعد بلدیہ کے مرکزی دفتر پہنچایا گیا، جہاں ماہرین کے معائنے کے بعد چونا ڈال کر تلف کردیا۔ تلف کیا گیا گوشت پریٹ آباد میں قائم غیرقانونی مذبحہ سے سٹی کے علاقوں میں فروخت کے لیے لایا جارہا تھا۔ دوسری طرف میٹ سیکشن کی جانب سے پریٹ آباد، نورانی بستی، گئو شالہ اور نہروں کے اطراف گنجان آبادی والے علاقوں میں قائم غیرقانونی باڑوں اور مذبحہ کو شہر سے باہر منتقلی کے حتمی نوٹس جاری کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور مضر صحت، پریشر لگا، لاغر اور بیمار جانوروں کے گوشت کی فروخت کیخلاف گزشتہ ایک ماہ سے جاری کارروائی کے دوران اب تک 90 من سے زائد مضر صحت اور پریشر والے گوشت کو تحویل میں لے کر تلف کیا جاچکا ہے۔