وفاقی حکومت سندھ میں تعمیر وترقی کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار نہیں

56

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ میں تعمیر وترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار نہیں، نہ تو این ایف سی ایوارڈ کے تحت سندھ کے حصے کی رقم اسے دی جارہی ہے اور نہ ہی وفاقی حکومت کے قومی منصوبوں کا حصہ سندھ میں نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز نہ دیے جانے کے باعث صوبے میں مالی بحران ہے جس کی وجہ سے تعمیروترقی کے کام بھی متاثر ہورہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے پہلے روز سے ہی سندھ کے ساتھ زیادتیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے جس پر سندھ کے عوام میں اشتعال پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ سب سے زیادہ ریونیو دینے والا صوبہ ہے لیکن اس کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ ماضی میں بھی سندھ کو نظرانداز کیا جاتا رہا ہے اس کے باوجود صوبائی حکومت نے تعلیم، صحت ، روڈ اور انفراسٹرکچر کے کئی کامیاب منصوبے عوام کے لیے مکمل کیے جن کے ثمرات عوامی سطح پر برآمد ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف تو سندھ حکومت کو فنڈز جاری نہیں کیے گئے۔ دوسری طرف وفاقی حکومت نے سیاسی انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے۔