واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ ایران امریکہ کے ساتھ مذاکرات کو قبول کرتا ہے یا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے پرواہ نہیں ہے کہ ایران ہمارے ساتھ مذاکرات کرتا ہے یا نہیں یہ اس کی مرضی ہے۔
انہوں نے ایرانی عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنے عہد صدارت کے آغاز سے ہی آپ کے ساتھ کھڑا ہوں اور میری حکومت آپ کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ آپ کی ہمت متاثرکن ہے اورہم مظاہروں پر نظریں رکھے ہوئے ہیں۔
امریکی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن نے میڈیاکو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے لئے مذاکرات کو قبول کرنے کے سوااور کوئی چارہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ تہران پر ٹرمپ انتظامیہ کا دباؤ بہت زیادہ ہے جس سے ایران کا دم گھٹ رہا ہے اور اس کے پاس میز پر بیٹھنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ ایران کشیدگی میں اضافے کے باعث امریکہ نے ایران کو مذاکرات کی پیش کش کی تھی اور کہا تھا کہ ایران بغیر کسی شرائط کے مذاکرات کرے۔