بلوچستان میں بارش اور برفباری سے 3 روز میں ہلاکتیں 22 ہوگئیں

149

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان میں 3 روز کے دوران بارشوں برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق 28 زخمی ہو گئے، برفباری کے سبب کوئٹہ کا اندرون ملک سے رابطہ منقطع، کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچادی، ژوب، کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ سیف اللہ، شیرانی اور خضدار میں مکانات کی چھتیں گرنے ، گیس لیکیج اور قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثات میں بچوں اور خواتین سمیت 22 افراد جاں بحق ،28 زخمی ہوگئے، کوئٹہ میں بجلی کے 20 فیڈرٹرپ کر گئے ، گیس کی بندش اور لو پریشر کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ برفباری کے سبب کوئٹہ کا اندرون ملک سے رابطہ کئی گھنٹوں تک منقطع رہا، کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ کوئٹہ میں شدید برفباری کے بعد ائرپورٹ پر پی آئی اے کا جہاز رن وے پر پھنس گیا۔ پی آئی اے کی پرواز پی کے 363 کو صبح 5 بجکر 40 منٹ پر کوئٹہ سے کراچی جانا تھا لیکن شدید برف باری کے باعث روانہ نہ ہوسکی۔ پی آئی اے حکام کے مطابق ایسے موسم میں ڈی آئسنگ (جہازاور انجن سے برف اتارنا) کی ضرورت پڑتی ہے جو کوئٹہ ائرپورٹ پر مہیا نہیں کی گئی ہے۔ کوئٹہ ائرپورٹ پر ضروری سامان نہ ہونے کے باعث دیگر 5 پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔ موسم کی صورتحال بہتر ہوتے ہی پروازیں بحال کر دی جائیں گی۔ عام شہری اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافر پریشانی سے دوچار ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران زیارت 2، کوئٹہ ایک فٹ، ژوب میں 9 انچ برف پڑی جبکہ اورماڑہ 40، خضدار، پشین 20، بارکھان 17، جیوانی میں14 ملی میٹر بارش ہوئی ، زیارت منفی 6، ژوب اور کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ۔بارش اور برف برسانے والا سسٹم توبلوچستان سے نکل چکا لیکن سردی کی شدت بڑھے گی۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کا کہنا ہے کہ شدید برف باری کے بعدشہر کی سڑکوں کو کلیئر کرنے کا کام جاری ہے، بہتر انتظامات کے باعث کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ اورنگزیب بادینی نے کوئٹہ میں شدید برف باری کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہر میں 13 انچ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، برفباری کو ضلعی انتظامیہ نے بہتر انتظامات کے ذریعے عوام کے لیے زحمت بننے سے بچایا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام تر امور کا جائزہ لیا ہے اورمختلف ہدایات جاری کی ہیں، ڈی سی کوئٹہ نے کہا کہ لیویز،ایف سی اور پولیس نے بھی ریسکیو کے کاموں میں ہمارا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج (پیر) شام تک پورے شہر کی شاہراہوں کو بحال کر دیا جائے گا۔