پاکستان معاشی ترقی کی جانب گامزن ہے، برطانوی ہائی کمشنر

145

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں برطانیہ کے نئے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے ملاقات کی۔ عثمان بزدار نے پاکستان میں ہائی کمشنر کی ذمے داریاں سنبھالنے پر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر کو مبارکباد دی۔ برطانوی ہائی کمشنرنے شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن کے کامیاب دورہ پاکستان خصوصاً لاہور میں شاندار مہمان نوازی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ا س موقع پر عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربرطانیہ ترقی اورخوشحالی کے سفر میں اہم پارٹنر ہیں، پنجاب میں تعلیم،صحت اور دیگرسماجی شعبوں میں بہتری کے لیے برطانوی تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پنجاب میں 10 اسپیشل اکنامک زونز بنائے جا رہے ہیں اور لاہور میں اسپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے کاروبار کے حوالے سے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی ترقی کے لیے نتیجہ خیز حکمت عملی اپنائی گئی ہے، پاکستان معاشی ترقی کے سفر پر چل پڑا ہے، ہم برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت، اسکل ڈیولپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ میں پہلی بار لاہور کے دورے پر آیا ہوں، بلاشبہ لاہور ایک بہترین شہر ہے، میں چاہتا ہوں کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب کو شرکت کی دعوت بھی دی۔