وزیراعظم ریلوے میں من پسند افراد کی بھرتیوں کا نوٹس لیں، شمس الرحمن

116

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ریلوے میں من پسند افراد کی غیر قانونی بھرتیوں کے سکینڈل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اس کی انکوائری کروائیں اور اس میں ملوث ذمے داران کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ اپنے ایک بیان میں شمس الرحمن سواتی نے ریلوے کے ٹک ٹاک وزیر کی طرف سے پریم یونین سی بی اے کیخلاف انتقامی کارروائیوں، تبادلوں، چارٹر آف ڈیمانڈ پر مذاکرات نہ کرنے اور سی بی اے یونین کو نظر انداز کرکے پاکٹ ٹائوٹوں کو اہمیت دینے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پریم یونین نے محکمے میں غیر قانونی بھرتیوں پر بھرپور انداز میں آواز اُٹھائی ہے اور اس غیرقانونی کام کیخلاف عدالت سے حکم امتناعی بھی حاصل کیا ہے۔ جس پر وزیر ریلوے اور انتظامیہ نے پریم یونین کے عہدیداروں اور کارکنوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔ ان کو دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ دور دراز علاقوں میں تبادلے بھی کیے جارہے ہیں۔ اگر ٹک ٹاک وزیر نے اپنا رویہ نہ بدلا تو نیشنل لیبر فیڈریشن پورے ملک میں احتجاج کی کال دے گی۔ وزیر موصوف نے اپنے کرتوتوں کی وجہ سے ریلوے کو تباہ کردیا ہے اور وہ ریلوے کے پر امن ماحول کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔