کوئٹہ: دم گھٹنے کے باعث میاں بیوی اور 3 بچے جاں بحق

73

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں گیس کے باعث دم گھٹنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق واقعہ کو ئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس پر ریلوے پھاٹک کے قریب غلام رسول کے گھر میں پیش آیا ،جہاں گزشتہ شب گیس کی بندش کے بعد یہ لوگ ہیٹرز بند کرنا بھول گئے تھے ۔ گیس پریشر کی بحالی پر کمرے میں گیس بھر گئی تھی جس سے وہاں سوئے افراد کا دم گھٹ گیا تھا۔ اہل خانہ نے صبح کے وقت کمرہ کھول کر میاں ، بیوی اور 3 بچوں کی لاشیں نکالیں۔ لاشیں سول اسپتال منتقل کردی گئیں۔ جہاں ضروی کارروائی کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ کوئٹہ میں رواں ماہ کے دوران رات کے اوقات میں گیس کی بندش کے باعث 3 مختلف واقعات پیش آئے جس میں دم گھٹنے سے اب تک 12 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ شہری حلقوں کے مطابق شدید سرد کے دوران گیس پریشر کا مسئلہ حل کرنے کے بار بار مطالبے کے باوجود سوئی سدرن حکام کی جانب سے مسئلے کے حل پر توجہ نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے آئے روز افسوسناک واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
دم گھٹ گیا