سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران پیر کو ضلع بڈگام میں ایک اورکشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوج نے نوجوان کو ضلع کے علاقے بہرام پورہ چاڈورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس
اہلکاروں کی سری نگر، بڈگام، کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، اسلام آباد، شوپیاں، پلوامہ، کولگام، راجوری اور دیگر اضلاع میں گزشتہ ایک ہفتے سے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاںجاری ہیں۔ ہزاروں افراد نے شدید بارش، برف باری اور پابندیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے اتوار کو شہید ہونے والے3 کشمیری نوجوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ضلع پلوامہ کے قصبے ترال کا رخ کیا‘ آزادی کے حق میںاور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعروں کی گونج میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ اور فورم فار پیس کے زیر اہتمام جموں میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے بھارتی حکومت کو مقبوضہ علاقے میں تحریک آزادی کو دبانے کی ظالمانہ پالیسی جاری رکھنے کے خلاف خبردار کیا۔ اس موقع پر جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے کہاکہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بھارتی حکومت کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ علاقے کی متنازع حیثیت کو کبھی تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔