ملک کے مختلف علاقوں میں برف باری اور بارشوں کے باعث 35 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے۔
بلوچستان میں بارش اور برف باری سے مکانات اور چھتیں گرنے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے تاہم کوئٹہ میں منفی 11 ڈگری پر بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ نے صارفین کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے،ہیٹر، گیزر اور چولہا جالانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔
کان مہتر زئی میں شدید سردی کے باعث 400 سے زائد پھنسے افراد کو خانوزئی مسلم باغ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ سینکڑوں گاڑیا ں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ میں پھنسی رہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ریسکیو آپریشن صبح 8 بجے مکمل کر لیا گیا ہے تاہم مرکزی شاہراہ کو کھولنے کے لیے آپریشن کلین اپ آج شروع ہوگا۔
دوسری جانب آزادکشمیر ،گلگت بلتستان ،خیبر پختون خواہ میں بھی برف باری اور بارش کا سلسلہ جاری ہے ،بالائی علاقوں میں 4 سے 7 فٹ تک بر ف باری پڑنے سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے کی وجہ سے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔