نئی دہلی:بھارتی صوبہ تلنگانہ کے شہر عادل آباد میں ہندو انتہا پسندوں نے مسجد پر حملہ کردیا اور مسلمانوں کے گھروں کو آگ لگادی ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارتی صوبہ تلنگانہ کے شہرعادل آباد میں مسلمان مسجد میں عبادت میں مصروف تھے کہ وہاں موجود ہندو انتہا پسندوں اچانک مسجد پر حملہ کر دیا۔
حملہ آوروں کی جانب سے مسجد کے موذن کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور مسجد پر پتھراؤ بھی کیا گیا۔
ہندو انتہا پسندوں نے مسلمانوں کے گھروں کوآگ لگادی،جس کے نتیجے میں 35 سے زائد مسلمانوں کے گھرجلنے کی اطلاعات ہیں۔
بعد ازاں پورا بھارتی شہر فوجی چھاونی میں تبدیل ہوگیا ہے جبکہ مواصلاتی سروس بھی بند کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 11 دسمبر 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ میں متنازع شہریت بل پاس ہوا تھا جس میں مسلمانوں کے علاوہ تمام اقلیتوں کو شہریت دی جائے گی،متنازع بل کی منظوری کے بعد بھارت بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔