لاہور: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کو کس بنیاد پر مزید وقت دیا جائے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدرو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی چائے پیتے تصویر پر ہمیں بہت سے خدشات ہیں، ان کو علاج کیلئے 6 ہفتے کی ضمانت دی گئی تھی جو 25 دسمبر کو ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر کو نواز شریف کے وکیل نے میڈیکل رپورٹ بھجوائی، رپورٹ دیکھتے ہوئے میڈیکل بورڈ کا اجلاس طلب کیا گیا، بورڈ نے فیصلے میں کہا کہ میڈیکل رپورٹ نامکمل ہے اور کوئی نئی بات نہیں ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ نواز شریف کے معالج کی جانب سے خط لکھا گیا تھا ، خط میں نواز شریف کی پرانی بیماریوں کی تفصیلات بتائی گئیں تھیں، رپورٹس میں جن بیماریوں کا ذکر ہے ہم پہلے سےواقف ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تصویر دیکھنے کے بعد ڈاکٹر عدنان کو فون کیا، ان سے پوچھا گیا کہ نواز شریف کا گھومنا ان کے علاج کا حصہ ہے ؟ ہمیں نواز شریف کے علاج سے متعلق کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو بیرون ملک علاج کی غرض سے قیام کو بڑھانے کے لیے درخواست کے ساتھ میڈیکل رپورٹس بھی ارسال کی گئیں تھیں۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز کے والد چل پھر رہے ہیں اور ہوٹلوں میں کھانا کھا رہے ہیں، ہوا خوری ریسٹورنٹ میں نہیں، باہر ہوتی ہے۔
انہوں نے مریم نواز کی تیمارداری پر سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیمار داری کہا ں کریں گی؟ کیا وہ تیمارداری ریسٹورنٹ میں کریں گی؟
خیال رہے کہ مریم نواز نے والد کی تیمارداری کے لیے نام ای سی ایل سے نکا لنے کے لیے لا ہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔