واشنگٹن: امریکہ نے عراق کو دھمکی دی ہے کہ وہ عراق کی تیل کی فروخت سے متعلق نیو یارک فیڈرل ریزرو میں آمدنی تک رسائی کو روک دے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی انتظامیہ نے عراق کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ امریکی افواج کو اپنے ملک سے بے دخل کرے گا تو اپنے تیل کی فروخت سے حاصل شدہ آمدنی تک رسائی سے محروم ہوجائے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے بغداد میں حکام کو آگاہ کیا ہے کہ ہوسکتا ہے کہ عراق کی نیو یارک فیڈرل ریزرو کے کسی اکاؤنٹ تک رسائی ختم ہوجائے جس میں دیگر وسائل سے حاصل شدہ آمدنی کے ساتھ تیل کی فروخت سے ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے جس سے عراقی معیشت کو خطرہ ہے۔
عراقی عہدیداروں میں سے ایک کا کہنا تھا کہ مذکورہ بالا اکاؤنٹ کے بارے میں یہ انتباہ امریکی محکمہ خارجہ کی طرف سے عراقی حکومت کے قائم مقام نگراں سربراہ عادل عبد المہدی کو ایک فون کال کے ذریعے کیا گیا۔
اس سے قبل امریکہ نے بغداد کو کئی ہفتوں تک ان شبہات کی بنا پر مذکورہ بالا اکاؤنٹ تک رسائی سے روکا تھا کہ اس کی رقم کا کچھ حصہ ایران کی ضروریات کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ داعش تنظیم کی مالی اعانت کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سلیمانی کی ہلاکت کے بعد مشرقی وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظرعراقی پارلیمنٹ نے ووٹنگ کے ذریعے ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں عراق سے امریکی افواج کے انخلاء کا مطالبہ کیا گیا تھا۔