وزیر اعظم ہرجانہ کیس:فیصلے کیخلاف پشاور ہائی کورٹ میں کی اپیل دائر

99

پشاور( آن لائن ) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ہرجانہ کیس میں پشاور ضلعی عدالت کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔اپیل میںمؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعظم نے بطور پارٹی چیئرمین پریس کانفرنس میں سینیٹ انتخابات کے لیے ووٹ بیچنے والے اراکین کے نام لیے تھے۔اپیل میں واضح کیا گیا ہے کہ ہارس ٹریڈنگ کے الزامات سامنے آنے پر پارٹی کی ڈسپلن کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا تھا جن کی جانب سے نام سامنے آنے پر کارروائی کے لیے عمران خان نے پریس کانفرنس میں صرف اعلان کیا۔ ماتحت عدالت نے وزیراعظم کی جانب سے کیس خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے لہٰذا عدالت ماتحت عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے2018ء میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹ انتخابات میں ووٹ فروخت کرنے والے 20اراکین کا نام لیتے ہوئے سخت کارروائی کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں خاتون رکن اسمبلی فوزیہ بی بی نے پریس کانفرنس میں الزام کو مسترد کرتے ہوئے عدالت میں ہرجانے کا دعوی دائر کر دیا تھا۔پی ٹی آئی کی سابق ممبر صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی نے عمران خان کے خلاف 50 کروڑ روپے ہرجانہ کا کیس دائر کیا ہے۔