جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاری کر رہی ہے

159

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی آنے والے بلدیاتی انتخابات کی بھر پور تیاری کر رہی ہے۔اس سلسلے میں یونین کونسلز اور وارڈز کی سطح پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ان شا اللہ ! جماعت اسلامی بلدیاتی انتخابات میں جذبہ خدمت سے سرشار اُمیدواروں کو لے کر آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں دعوتی ٗتنظیمی ٗ تربیتی اور سیاسی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ صدر ضلعی سیاسی کمیٹی ہارون رشید نے مجوزہ صوبائی بلدیاتی ایکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ زونل اُمرا نے اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔ اس موقع پرمر حومین کے لیے مغفرت کی دُعا بھی کی گئی۔سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈ ی فرور ی یا مارچ 2020ء میںڈونرز کانفرنس منعقد کرے گی۔ جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ اور منصوبہ عمل کے مطابق دعوتی ٗتربیتی اورتنظیمی امور پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔انہوں نے الخدمت فائونڈیشن سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے سابق صدر شیخ مسعود احمد کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شیخ مسعود احمد اور ان کی ٹیم نے الخدمت فائونڈیشن کے کام کو احسن انداز میں آگے بڑھا یا ہے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مساعی کو قبول فرمائے۔ سید عارف شیرازی نے الخدمت فائونڈیشن سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے نئے صدر ملک عبدالعزیز اعوان کیلیے استقامت کی دعُا کی ہے اور اپنے ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا ہے۔