بھارت کشمیریوں کی آواز کو کچلنا چاہتا ہے، صدر آزاد کشمیر

107

مظفرآباد (صباح نیوز) آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آواز کو ختم کرنا چاہتا ہے، بھارت نے اگر آزاد کشمیر پر حملہ کرنے کی جسارت کی تو اس کا مقابلہ آزاد کشمیرپاکستان کے جنگجو نوجوانوں سے ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں کشمیر یوتھ الائنس کے زیر اہتمام ایک روزہ پیس کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نوجوانوں کی تمام تر ذمے داریوں اور فرائض میں پہلا فریضہ کشمیر کی آزادی کے لیے جدوجہد کرنا اور بھارت کی طرف سے اٹھنے والے خطرے کا مقابلہ کرنا ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان نہ صرف نا مکمل ہے بلکہ خدا نخواستہ اگر بھارت کشمیر میں کامیاب ہو گیا تو اسلام کے نام پر بننے والے پاکستان اور پورے جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کا وجود خطرے میں پڑ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی پاکستان کا تو کچھ نہیں بگاڑ سکتا لیکن بھارت کے ٹکڑے ٹکڑے ضرور کر دے گا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ جموں وکشمیر تاریخی، جغرافیائی ، مذہبی اور فطری اعتبار سے پاکستان کا حصہ ہے اور کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ ماضی میں ایک مضبوط رشتہ تھا اور یہ رشتہ مستقبل میں بھی رہے گا جسے دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر علی محمد خان نے کہا کہ اگر وقت آیا تو وہ خود بندوق لے کر نوجوانوں کی قیادت کرتے ہوئے آزاد کشمیر اور پاکستان کے دفاع کی جنگ لڑیں گے، اگر بھارت نے کوئی شر انگیزی کی تو اس خطے کو بھارتی فوج کا قبرستان بھی بنادیں گے۔ جماعت اسلامی کے رہنما عبدالرشید ترابی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ، تحریک پاکستان کا تسلسل ہے، 5 اگست کے اقدام کے بعد بھارت یہ سمجھتا تھا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو کچل دے گا لیکن کشمیریوں نے بے پناہ عزم کا مظاہر ہ کر کے بھارتی حکمرانوں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔