حزب وحدت اسلامی افغانستان کے وفد کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات

61

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے حزب وحدت اسلامی افغانستان کے سربراہ حاجی محمد محقق کی قیادت میں پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ افغانستان کے وفد نے ملاقات کی، صوبائی وزرا بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاک افغان تعلقات جتنے اچھے ہوں گے اس کا معاشی فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا ،وفد کا تقاضا ہے کہ مستقبل کے لیے آج ہی بہتر فیصلے کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن پروجیکٹ، سی پیک روٹ، وسط ایشیائی ریاستوں تک رسائی میں افغانستان کا اہم کردار اور جغرافیائی اہمیت ہے، وسائل کی بنا پر اس خطے کی اہمیت مسلمہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پڑوسی بھی ہیں، ہمارا مذہب بھی ایک ہے اور ہماری ثقافت اور زبان بھی ایک جیسی ہے۔ وفدمیں شمالی افغانستان سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی وسینیٹ شامل ہیں۔ افغان وفد کے سربراہ حاجی محمد محقق نے جام کمال سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کو دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستان کئی دہائیوں سے افغان پناہ گزینوں کی مہمانداری کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشاور جلال آباد موٹروے اور سی پیک میں افغانستان کی شرکت کے دوررس نتائج سامنے آئیں گے اور افغانستان کو گرم پانیوں تک آسان رسائی مل سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہونی چاہئیں اور دونوں جانب کے سیکورٹی حکام معاملات طے کریں، بعدازاں وزیراعلیٰ کی جانب سے وفد کے اراکین کو تحائف پیش کیے گئے اور ظہرانہ دیا گیا۔