حیدرآباد:واسا کا نادہندگان کیخلاف آپریشن ،متعدد کنکشن منقطع

57
حیدرآباد،حیسکو گاڑی کھاتہ کا عملہ کچا قلعہ اورمکی شاہ کے نادہندگان کے خلاف کارروائی کررہا ہے

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ناد ہندگان کیخلاف واسا کا گرینڈ آپر یشن جاری، تینوں تعلقوں میں بلوں کی چیکنگ کا عمل شروع ،متعدد ناد ہندگان کے کنکشن منقطع، موٹریں ضبط کرلی گئیں۔ ایچ ڈی اے کے مطابق فراہمی و نکاسی آب کے بلوں کی ریکوری کے سلسلہ میں ڈائر یکٹر جنرل ایچ ڈی اے غلام محمد قائم خانی کے احکامات پر تشکیل شدہ اسپیشل ریکوری ٹیموں کی جانب سے تعلقہ سٹی،لطیف آباد اور قاسم آباد میں بلوں کی جانچ پڑتال کا عمل جاری ہے۔حیسکو کی طرز پر تشکیل شدہ ٹیموں میں فراہمی و نکاسی آب کے XENs تعلقہ منیجر کمرشل اسسٹنٹ ٹیکیشن آفیسرز،پلمبر،فٹرز اور سیکورٹی گارڈز پر مشتمل ٹیموں نے تینوں تعلقوں میں گزشتہ روز بھی کمرشل اور گھریلو صارفین کے بلوں کی جانچ پڑتال کی ۔ انہوں نے تعاون کرنے والے نادہندہ صارفین کو اقساط کی سہولت بھی فراہم کی ۔تاہم عادی نادہندگان کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کنکشن منقطع کر کے متعدد موٹر یں بھی ضبط کیں۔واضح رہے کہ فراہمی ونکاسی آب کی سہولیات بہم پہنچانے والا واسا بعض غیر ذمہ دار صارفین کی وجہ سے شدید مالی بحران سے دو چار ہے۔جبکہ واسا فراہم کردہ پانی کی کوئی قیمت وصول نہیں کرتا محض سروس چارجز پر ہونے والے اخراجات کا کچھ حصہ وصول کیا جاتا ہے ۔اعلامیہ میں جملہ صارفین آب کو ان کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے خلاف قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے پانی کے بلوں کی بر وقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ واسا اپنی سروسز میں مزید بہتری پیدا کر سکے۔