کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وفاقی محتسب، یونیسیف اور محکمہ جیل خانہ جات بلوچستان کے باہمی اشتراک سے ملک میں زیرحراست بچوں اور خواتین کے حقوق کو مستحکم کرنے کے موضوع پر دو روزہ تربیتی پروگرام کا اختتامی سیشن ہوا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر داخلہ میرضیا اللہ لانگو تھے۔ تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ اسلام آباد نیشنل کمیشن برائے چلڈرن کے مشیر ڈاکٹر رانیہ احسان ، سردار احمد حلیمی اور وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے انچارج محتسب غلام سرور بروہی نے کہا کہ وفاقی محتسب کے ادارے نے ملک کے تمام جیلوں میں قانونی ڈیسک بنائے ہیں تاکہ جیلوں میں خواتین بچوں اور غریب قیدیوں کو مفت صلاح مشورہ نفسیاتی اورطبی سہولتیں فراہم کیے جاسکیں۔ اس کے علاوہ نیشنل کمیشن برائے چلڈرن اصلاحات لانے کے لیے بھی اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے نجی شعبہ سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد کا مقصد جیل کے عملے میں جیلوں میں موجود خواتین اور بچوں کی بنیادی حقوق کے بارے میں آگاہی اور شعور پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیلوں میں موجود بچوں کو مجرموں اور بڑی عمر کے قیدیوں سے دور رکھنا چاہیے۔ انہوں نے جیل عملہ پرزور دیا کہ وہ جیلوں میں نشہ آور اشیا کی فراہمی کی تدارک کے لیے اپنا اخلاقی اور قومی فریضہ احسن طریقے سے سرانجام دیں۔ انہوں نے الیکٹرونک ، پرنٹ میڈیا اور ٹی وی فنکاروں سے کہا کہ ایسے اصلاحی ڈرامے بنائے تاکہ بچوں میں شعور آجائے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو غیر اخلاقی برائیوں سے دور رکھیںاور خصوصاً موبائل کی بے جا استعمال سے روکیں۔ انہوں نے وفاقی محتسب کے ادارے کی جانب سے ایسے تربیتی پروگراموں کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ایسے پروگراموں کے مفید نتائج سامنے آئیں گے۔