حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سیوریج کے پانی کی طویل عرصہ سے نکاسی نہ کیے جانے کیخلاف نیا پل مارکیٹ کے دکانداروں نے واسا انتظامیہ کیخلاف شٹر ڈاؤن ہڑتال کرکے نیا پل چوک پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کردیا اور سخت احتجاج کرتے ہوئے واسا انتظامیہ کیخلاف سخت نعرے بازی کی، دکانداروں کے احتجاج کے سبب ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ نیا پل چوک پر گزشتہ کئی ماہ سے سیوریج کی لائن میں ٹوٹنے کے سبب جمع ہونے والے پانی کی عدم نکاسی پر کئی بار احتجاج کرنے کے باوجود مسئلہ حل نہ کیے جانے اور واسا انتظامیہ کی بے حسی کیخلاف انجمن دکاندار اسٹیشن روڈ کی جانب سے قدم گاہ روڈ، نیا پل اور باچا خان کے دکانداروں نے دکانیں بند کر کے شٹر ڈائون ہڑتال کردی اور نیا پل چوک پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا۔ اس موقع پر دکانداروں نے نیا پل شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک کی آمدو رفت معطل کر کے واسا اور بلدیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی جبکہ احتجاج کے سبب نیاپل چوک، قاضی قیوم روڈ، مکی شاہ روڈ اور باچا خان روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ اس موقع پر تاجر رہنما فیاض اعوان سمیت دیگر مظاہرین کا کہنا تھا کہ نیا پل، باچا خان چوک، اسٹیشن روڈ کاروباری علاقے ہیں لیکن واسا انتظامیہ کی کئی ماہ سے مسلسل نااہلی اور عدم توجہ کے باعث یہ علاقے اکثر سیوریج کے پانی میں ڈوبے رہتے ہیں، جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں تباہ ہو کر رہ گئی ہیں اور لوگوں کا پیدل چلنا ناممکن ہوچکا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے کئی بار احتجاج کرنے سمیت درخواستیں بھی دے چکے ہیں اور متعلقہ اداروں کی اس جانب کئی بار توجہ دلانے کے باوجود ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ اداروں نے اس مسئلے کو حل کرنے میں سنجیدگی سے حل کرنے میں اپنا کردار ادا نہ کیا تو احتجاج کے دائرے کو مزید وسیع کیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمے داری ضلعی واسا انتظامیہ پر عائد ہو گی۔