راولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کے بھائی امیر حسین رضوی اور بھتیجے محمد علی سمیت پارٹی کے 86 کارکنان کو 55 سال قید کی سزا سنادی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے پولیس سے ہنگامہ آرائی اور مزاحمت سے متعلق کیس میں امیر حسین رضوی اور خادم حسین رضوی کے بھتیجے محمد علی سمیت 86 کارکنان کو 55 سال سزائے قید سنائی ہے جبکہ سزا یافتہ افراد کو اجتماعی طور پر 12،925،000 روپے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔
فیصلہ سنائے جانے کے بعد ایلائٹ فورس کی تحویل میں مجرموں کو تین گاڑیوں میں اٹک جیل منتقل کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عدالت گذشتہ سال ستمبر میں ٹی ایل پی کارکنوں کے خلاف درج کیے گئے کیس کی سماعت کر رہی تھی جنہوں نے پارٹی کے سربراہ خادم حسین رضوی کی گرفتاری پر پرتشدد احتجاج اور پولیس سے جھڑپوں کا مظاہرہ کیا تھا۔ خادم حسین رضوی نے سپریم کورٹ کے آسیہ بی بی کو بری کرنے کے فیصلے کے خلاف اپنے کارکنان سے زبردست احتجاج کرنے کے مطالبہ کیا تھا جس پر لاہور کی پولیس نے حسین رضوی کو عارضی طور پر تحویل میں لے لیا تھا-