عوام صلح حدیبیہ سے منسوب تاریخی کنوئیں کی زیارت سے محروم

183

ریاض: حدیبیہ کے مقام پر صلح حدیبیہ سے منسوب قدیم اور تاریخی کنوئیں کو ایک نجی تعمیراتی کمپنی نے بغیر کسی اجازت کے اپنے تصرف میں لے لیا۔

عرب نیوز ویب سائٹ کے مطابق تعمیراتی کمپنی نے بغیر کسی اجازت کے حدیبیہ کنوئیں کے گرد دیوار کھڑی کرکے اس کو اپنے تصرف میں لے لیا ہے جس سے زائرین اس مقدس مقام کی زیارت سے محروم ہوگئے ہیں۔

اسلامی تاریخ کے ماہر ڈاکٹر سمیر برقہ کا کہنا ہے کہ حدیبیہ کے علاقے میں کمپنی نے اپنا آفس کیمپ بنایا ہوا ہے جس کی حدود میں یہ کنواں بھی واقع ہے اور عوام اس کی زیارت سے محروم کردیئے گئے ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ اس کمپنی کے خلاف کاروائی کرے۔

خیال رہے کہ جدہ اور مکہ مکرمہ شاہراہ کے درمیان واقع شمیسی چیک پوسٹ سے حدیبیہ کا مقام 20 کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے تاہم اب مذکورہ کمپنی نے کنوئیں کے گرد دیوار بنا کراس مقدس مقام تک زائرین کی رسائی کو ناممکن بنا دیا ہے۔