بلوچستان کابینہ نے آفات سے نمٹنے کیلیے کمیشن کے قیام کی منظوری دیدی

95

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کابینہ نے پروانشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کے قیام اور پرائمری اسکولوں میں ناظرہ قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کے بل کے مسودے کی منظوری دیدی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کا ایجنڈا 50 نکات پر مشتمل تھا، اجلاس کے آغاز میں برف باری اور بم دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، کابینہ نے اجلاس کے دوران پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیشن کے قیام کی منظوری دے دی۔ کمیشن کے قیام سے مستقبل میں قدرتی آفات اور حادثات سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں پرائمری اسکولوں میں ناظرہ قرآن کی تعلیم کو لازمی قرار دینے کے بل 2019ء کے مسودے کی منظوری بھی دی گئی، ایکٹ کی منظوری کے بعد ناظرہ قرآن کی تعلیم سرکاری اور نجی اسکولوں میں لازم ہوگی۔ کابینہ نے پرائمری ایجوکیشن میں اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کی منظوری بھی دی جس کے تحت مختلف گریڈ کے اہلکاروں کے تقرر، تبادلوں اور انضباطی کارروائی کے اختیارات ڈویژن اور ضلعی افسران کو منتقل ہوں گے۔ بلوچستان کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے اس حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دینے سے متعلق بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن اراکین و جماعتوں سے مشاورت کیلیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
بلوچستان