حیدر آباد:ایس بی سی اے کی ملی بھگت ،غیر قانونی مارکیٹوں کا قیام

114

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی عدم توجہ اور عملے کی کرپشن کی وجہ سے رہائشی پلازوں کو ختم کرکے مارکیٹوں کے غیر قانونی قیام کا عمل شروع، پلازہ کے پہلے فلور پر موجود رہائشی فلیٹس کو دکانوں میں تبدیل کردیا گیا۔ ریشم بازار میں واقعہ بھائی خان پلازہ کی پہلی منزل کو کاروباری حضرات نے خرید کر دکانوں میں تبدیل کردیا جبکہ پلازہ کے گراؤنڈ فلور پر بھائی خان شاپنگ سینٹر بنایا گیا تھا اور پہلی منزل سے چوتھی منزل تک رہائشی فلیٹس تعمیر کیے گئے تھے اور ہر فلور پر 12 فلیٹس تعمیر کیے گئے تھے، باقاعدہ نقشہ پاس ہوا، اس کے بعد پلازہ کی تعمیر ہوئی، اب گزشتہ سال سے کاروباری حضرات نے پہلی منزل کے فلیٹس بتدریج خرید کر ان کو دکانوں اور شورمز میں تبدیل کردیا ہے، جس کی وجہ سے رہائشی افراد شدید مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ بھائی خان پلازہ میں داخلے کا ایک ہی راستہ ہے، پہلی منزل پر دکانوں کے کھل جانے کی وجہ سے رہائشی افراد، خواتین و بچوں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے جبکہ سرکاری اداروں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی، ایچ ڈی اے اور بلدیہ نے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا۔ دکانداروں نے ایس بی سی اے اور دیگر اداروں کے عملے کی ملی بھگت سے رہائشی فلیٹس کو دکانوں میں تبدیل کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اب بھی یہ دکانیں رہائشی فلیٹس کی سہولتوں سے استفادہ کررہی ہیں، لہٰذا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر اس غیر قانونی تبدیلی کا نوٹس لے کر ان دکانوں کو دوبارہ رہائشی فلیٹس میں تبدیل کرکے مکینوں کی مشکلات کا ازالہ کرنا چاہیے۔