کیسکو، سوئی سدرن کی کوئٹہ کو بجلی اور گیس کی فراہمی کی یقین دہانی

90

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کیسکو اور سوئی سدرن گیس حکام نے بلوچستان اسمبلی کے اراکین کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت کے تحت کوئٹہ میں بہت جلد بجلی کے شارٹ فال کا ازالہ اور گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کوئٹہ میں ارکان صوبائی اسمبلی، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، سوئی گیس، کیسکو اور دیگر محکوں کے اعلیٰ حکام کا شہر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کے دفتر میں ہوا۔ کیسکو کے افسر نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں اور برف باری کی وجہ سے جو لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ہوا تھا کیسکو نے اپنے وسائل میں رہتے ہوئے کافی حد تک حل کرلیا ہے لیکن دیرینہ حل کیلیے کچھ اقدامات ہم سب کو مل کر کرنے پڑیںگے۔ آبادی میں اضافے اور پھیلاؤ کی وجہ سے بجلی کی ضرورت بڑھ گئی ہے جس کیلیے مزید فیڈرز درکار ہیں کیونکہ ٹرانسفارمرز اضافی لوڈ برداشت نہیں کرسکتے، جس کی وجہ سے آئے روز ٹرانسفارمرز جل جاتے ہیں اور پھر ان کی مرمت اور تنصیب پر کافی وقت لگ جاتا ہے۔ کوئٹہ میں ٹرانسفارمر مر مت کیلیے ایک ورکشاپ ہے جس کی اوسطاً گنجائش 8 ٹرانسفارمرز کی مرمت ہے، اس کے علاوہ دیگر اضلاع کے ٹرانسفارمرز بھی ٹھیک ہونے کیلیے آتے ہیں اس حوالے سے بہت جلد ہی ورکشاپ میں افرادی قوت میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ کم وقت میں زیادہ ٹرانسفارمرز کی مرمت ہوسکے جبکہ کیسکو کو لائن لاسسز کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کی بڑی وجہ غیرقانونی کنکشن اور بجلی کی چوری ہے جس کی وجہ سے لوڈشیڈنگ ناگزیر ہوجاتی ہے اس کا تدراک بھی ضروری ہے۔ اس پر تمام ارکان نے یقین دہانی کرائی ان کے ساتھ مکمل تعاون کیلیے تیار ہیں۔ بجلی چوروں اور غیر قانونی کنکشنز کے خاتمے میں حائل رکاوٹوں کو قانون کی مدد سے دور کریں گے اور جن علاقوں کی ریکوری بہتر ہوگی ان کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ کیا جائے گا۔ اجلا س کے آخر میں تمام ارکان نے یقین دہانی کرائی کہ ہم سب مل کر بہت جلد کوئٹہ کوان مسائل سے چھٹکارا دلائیں گے اور اس سلسلے میں ہر ماہ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں اٹھائے گئے اقدامات، کارکردگی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔
کیسکو