اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر دانیال عزیز کے والد انور عزیز کیخلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر ٹی وی اینکر پرسن مبشر لقمان کی ناقابل ضمانت گرفتاری کا حکم جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق انور عزیز نے مبشر لقمان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں شکایت دائر کی تھی جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ایک نشریات میں مبشر لقمان نے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں کچھ ریمارکس دیئے تھے جو کہ گستاخانہ اور توہین آمیز ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکندر خان نے کیس کی سماعت کی جس کے بعد عدالت نے مبشر لقمان کو اور ان کے ضامن ریحان اشفاق کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کردیئے۔ ریحان اشفاق اور مبشر لقمان قبل از گرفتاری تین بار مسلسل عدالتی سماعتوں میں غیر حاضر رہے تھے۔
واضح رہے کہ عدالت نے مزید کارروائی 22 جنوری تک ملتوی کردی ہے اور اسلام آباد کے پولیس تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او کو ہدایت کی ہے کہ وہ لقمان کو مقررہ تاریخ میں پیش کریں۔ عدالت نے وارنٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ایس ایچ او کو سخت قانونی کارروائی سے متنبہ بھی کیا ہے۔