میاں صاحب ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں، معاون خصوصی

192

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ میاں صاحب ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر قیادت کے ملک سے باہر بھاگ جانے پر رانا ثناءاللہ ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رانا صاحب فرماتے ہیں کہ میاں صاحب اگر ہسپتال سے گھر جا سکتے ہیں تو ریستوران بھی جاسکتے ہیں، ان کا مطلب ہے کہ میاں صاحب تندرست ہیں اور ریستوران سے سیدھا جیل بھی جا سکتے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ رانا صاحب پہلے اندرونی لڑائی میں مبتلا اپنی قیادت کے مابین پارٹی میں مڈ ٹرم  انتخابات کرائیں، آپ کی سیاسی ساکھ ختم اور قیادت سر پر پاؤں رکھ کر باہر بھاگ چکی ہے جبکہ جس مقدمہ میں آپ کو ضمانت ملی ہے اس کا ٹرائل ابھی باقی ہے، اس پر توجہ دیں۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ آپ حکومت کے بجائے اپنی قیادت پر برسیں جس نے اپنے کارکنوں کو پھر دھوکہ دیا اور ان کے اعتماد کا خون کیا ہے۔