کراچی(رپورٹ:منیر عقیل انصاری)چینی کمپنی ”ٹائم سیکو“آئندہ ہفتے کراچی میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لئے اپنی سروس کا آغاز کرے گی،اب تک کراچی میں ٹائم سیکو نے 5فرنچائز قائم کر دیے ہیں مزید15سے زائدفرنچائزز کھولے جائیں گے،
ٹائم سیکوکے میڈیا منیجر اسد اللہ نے جسارت سے خصو صی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں دیگر آن لائن ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی طرح چین کی کمپنی ٹائم سیکو اسلام آباد،راولپنڈی اورلاہور کے بعد آئندہ ہفتے کراچی میں بھی اپنی سروس کا آغاز کرنے جارہی ہے،
ٹاٹو موبیلٹی تمام اقسام کے پبلک ٹرانسپورٹرز جن میں شخصی، تجارتی کمپنیاں، نجی ادارے اور سرکاری ادارے شامل ہیں کو نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرے گی۔ اس طرح ٹاٹو موبیلٹی ٹیکسی کے حصول، پِک اینڈ ڈراپ، بس بکنگ اور کرایے پر گاڑیوں کی فراہمی سے متعلق ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ (Timesaco) ”ٹائم سیکو“ چین کی ایک معتبر ٹیکنالوجی کمپنی ہے،اس کو پاکستان میں لانچ کرنے کا مقصد ای ٹرانسپورٹ میں بہتری لانا ہے۔کمپنی کے میڈیا منیجر کا کہنا تھا کہ ہماری آن لائن سروس کے ذریعے کراچی کے عوام کو سفر کی بہترین اور سستی سہولت فراہم کی جائے گی،
آن لائن ٹرانسپورٹ سروس میں مسافر وں کے لئے گروپ چیٹ اور رائیڈ کو ٹریک کرنے کا فیچر بھی شامل ہوگا، چینی کمپنی پاکستان میں آن لائن ٹرانسپورٹ سروس کے ساتھ آئندہ برسوں میں دیگر سروسز بھی لانے کا ارادہ رکھتی ہے،
ان کا کہنا تھا کہ یکم جنوری سے اسلام آباد میں سروسز کا آغاز کر دیا گیا ہے جن میں براق(ٹیکسی سروس)، فیما(فوری ڈیلیوری سروس)اور کارگو سروس شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ جو لوگ اس آن لائن ٹیکسی سروس میں کام کرنے کے خواہش مند ہیں وہ اپنی گاڑی کمپنی میں رجسٹر ڈکر اسکتے ہیں،
انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنی گاڑیاں، موٹر سائیکل، رکشہ، پک اپس، چنکچی لوڈرز اور ٹرک کمپنی میں رجسٹر کرا سکتے ہیں جس سے وہ کئی طریقوں سے کمائی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ابتدائی طور پر 2 کروڑ ڈالر رکھے ہیں جو بڑھ کر 60 کروڑ ڈالر تک جا سکتے ہیں،
چین کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی ٹائم سیکو نے پاکستان میں برقی ٹرانسپورٹیشن کے شعبے کی ترقی کے لئے ”ٹاٹو موبیلیٹی”نامی ایپلی کشن متعارف کرائی ہے۔