مقبوضہ کشمیر میں 167ویں روز بھی کرفیو رہا، محاصروں کا سلسلہ جاری

92

سری نگر (اے پی پی) وادی کشمیر میں مسلسل 167ویں روز بھی بھارت کی طرف سے نافذ کردہ کرفیو، فوجی محاصرہ اور انٹرنیٹ پر پابندی بدستور جاری رہی۔ بھارتی فوج نے ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں وسیع پیمانے پر گھر گھر تلاشی کی کارروائی کی جس کے باعث علاقے کے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اس دوران شناختی پریڈ کرائی گئی۔ نیویارک میں قائم ہیومن رائٹس واچ کی جنوبی ایشیا کی ڈائریکٹر میناکشی گنگولی نے ادارے کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا ہے۔ جموںوکشمیر ایمپلائز موومنٹ کے وائس چیئرمین امتیاز وانی اور جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی محمد عمران نے حال ہی میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بھارتی فوج کے سابق سربراہ اور موجودہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے حالیہ بیان کی شدید مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کشمیری نوجوانوں کے لیے نازی طرز کے عقوبت خانے قائم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔