آزاد کشمیر‘ برفباری سے متاثرہ علاقے آفت زدہ قرار ۔ برفباری کا نیا الرٹ

105

مظفر آباد (خبر ایجنسیاں)وزیراعظم آزادکشمیر راجا فاروق حیدر خان نے آزادکشمیر کے برف باری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دے دی ہے اور ہدایت کی کہ تباہ شدہ مکانات کے مکینوں کو سرکاری عمارات میں رہائش کی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنی زیر صدارت اجلاس کے دوران جاری کیں۔ وزیر اعظم نے ضلع نیلم، وادی لیپہ اور ضلع حویلی کے علاقے بھیڈی کو آفت زدہ قرار دینے کی منظوری دی۔انہوں نے قدرتی آفات سے متعلق ایکٹ 1976ء کے تحت کمشنر مظفرآباد کو ریلیف کمشنر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی اور ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی منصوبہ بندی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جائے۔ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ شدید برفباری کے باعث لیپہ ویلی اور بھیڈی کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہے، ان علاقوں میں بھی امدادی سرگرمیوں کو تیز کیا جائے اور اشیا ضروریہ کے اسٹاک کا جائزہ لیا جائے۔ علاوہ ازیں برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں آئندہ ہفتے مزید برفباری کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا ۔ آزاد کشمیر میں حالیہ برفباری کے باعث برفانی تودوں سے متاثرہ وادی نیلم میں20جنوری سے24 تک مزید تک برفباری کا امکان ہے۔ اس حوالے سے آزادکشمیر میں بارش اور برفباری کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ الرٹ میں کہا گیا کہ وادی نیلم کے متاثرہ علاقوں میں برفباری کے دوران لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے، اس لیے مقامی انتظامیہ جانی نقصان سے بچنے کے لیے آبادیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرے۔واضح رہے کہ رواں ہفتے ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث ملک بھر میں 150 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے، سب سے زیادہ جانی نقصان وادی نیلم میں ہوا تھا جہاں کئی دیہات پر برفانی تودے گرے تھے۔