سوات ( آن لائن )ن لیگ صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر انجینئرا میر مقام نے کہا ہے کہ آٹا بحران تحریک انصاف کی طرف سے عوام کے لیے سال نو کا تحفہ ہے ، 2020ء کو ترقی و خوشحالی کا سال قرار دینے والوں نے سال نو کے آغازپر ہی غریبوں کو رُلا دیا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں پر انتقامی سیاست کا بھوت سوار ہے ،سیاسی مخالفین کو دیوار کے ساتھ لگا دیاہے، نیب کو انتقال کے طور پر استعمال کرنا خطرناک عمل ہے،نالائق حکمرانوں کے پاس ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کا کوئی پروگرام نہیں ہے، آج غریب لوگ ایک کلو آٹے کے لیے در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں جبکہ وزرا لوگوں کو آدھے پیٹ پرگزارا کرنے کا مشورہ دے کر ان کے زخمیوں پر نمک پاشی کر رہے ہیںکوئی وزیر سفید آٹے کے بجائے سرخ آٹا کھانے کا مشورہ دے رہا ہے تو کوئی وزیرنے کہاکہ ماہ دسمبر میں لوگ کھانا زیادہ کھاتے ہیں اس لیے آٹا بحران پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک وفاقی وزیر نے تو پنجاب سے آٹا بند ہونے کی صورت میں پنجاب پر بجلی بند کرانے کا اعلان بھی کیا تھا۔ حکمران طبقہ آرام سے مزے اُڑا رہا ہے۔ اب عوام کو اصلیت کا پتا چل چکا ہے عوام اور ان کے اپنے اتحادی بھی ان سے بد ظن ہو چکے ہیں ۔