حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے حیدرآباد سمیت سندھ میں آٹا کا بحران جو وفاقی حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب حکومت کو یہ اندازہ تھا کہ ملک میں آٹا کا بحران جنم لینے والا ہے تو پھر اس آٹا کی وافر مقدار میں فروانی کیلیے عملی اقدامات کیوں نہیں کیے اور آٹا ذخیرہ کرنے والی مافیا کو کیوں کھلی چھٹی دے دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ جب سے یہ حکومت آئی ہے بحران پر بحران جنم لیتے جارہے ہیں ۔ کبھی آٹا کا بحران ہوتا ہے، کبھی ٹماٹر کا بحران اور کبھی گوشت کا بحران ، اس کے علاوہ معاشی طورپر ملک بدحالی کا شکار ہے لیکن وفاقی حکومت کی معاشی ٹیم نہ تو ان بحرانوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور نہ ہی ان کے سدباب کیلئے عملی اقدامات کرنے کو تیار ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کا جینا دوبھر ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لینا چاہتی ہے ، اگر یہی صورتحال رہی تو غریب عوام کو بھوک، بدحالی کے سوا کچھ نہیں مل پائے گا ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ جس عوام سے ٹیکس وصول کرتی ہے اس عوام کو بنیادی ضروریات مہیا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ سندھ میں آٹا کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔ فوری طورپر وفاقی حکومت اس مسئلے کے سدباب کیلیے اقدامات کرے۔