پاکستان نے امریکہ سے مدد مانگ لی

249

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی اعانت سے متعلق عالمی نگران ادارے (ایف اے ٹی ایف) کی لسٹ سے پاکستان کا نام نکالنے کے لیے امریکہ سے مدد مانگ لی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے ایشیائی امور ایلس ویلز  پاکستان کے 4  روزہ دورے پر آئی ہیں جس کا  مقصد مشرق وسطی میں کشیدگی کو کم کرنا، علاقائی استحکام اور افغان امن عمل میں مزید بہتری  کو یقینی بنانا ہے۔

ایلس ویلز نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی ملاقات کی جس کی تفصیلات بتاتے ہوئے ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ پاکستان نہ صرف کشمیر کے معاملے میں امریکہ کی حمایت کا خواہاں ہے بلکہ ایف اے ٹی ایف کی منی لانڈرنگ اوردہشت گردی کی مالی اعانت سے متعلق  گرے لسٹ سے بھی اپنا نام نکالنے میں امریکہ کی مدد چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے ایلس ویلز سے ملاقات کے بارے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لیے آج کی ملاقات ایف اے ٹی ایف کے آئندہ  ہونے والےاجلاس کے لئے نہایت اہم ہے کیونکہ عالمی ادارہ 27 نکاتی ایکشن پلان پر عمل کرنے کی اسلام آباد کی کوششوں کا جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کرے گا کہ آیا پاکستان گرے لسٹ میں شامل رہے یا اسے دستبردار کردیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے اپنی آخری ملاقات کے دوران کہا تھا کہ وہ پاکستان کو ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے دور دیکھنا چاہتے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ امریکی عہدیدار اب اس پر کام کریں گے۔