بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری،مزید تین کشمیری شہید

116

سری نگر(خبر ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیا سرس کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع شوپیاں میں مسلح قابض بھارتی فوج نے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کے نام پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے گھر گھر تلاشی لی۔سرچ آپریشن کے دوران جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک مکان کو بارودی مواد سے تباہ کردیا جب کہ اندھا دھند فائرنگ کرکے 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔ جنگی جنون میں مبتلا قابض فوج نے لاشیں بھی لواحقین کے حوالے نہیں کیں۔مودی سرکار کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو دہشت گرد ثابت کرنے کی ناکام کوشش کی تاہم ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارتی فوج کے جھوٹ کا پردہ فاش ہوگیا۔غیور کشمیری عوام نے نوجوانوں کی شہادت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ضلع کی مرکزی شاہراہ کو بند کردیا اور قابض بھارتی فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے جدوجہد آزادی کے حق میں بھی نعرے بلند کیے جس پر قابض فورس نے تلملاتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرکے درجنوں کو زخمی کردیا۔۔شہید ہونے والے دونوجوانوں کی شناخت ضلع شوپیاں کے علاقے زینہ پورہ کے عادل شیخ اور ارپورہ کے وسیم وانی کے طورپر ہوئی ہے۔تیسرے نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ عادل بشیر شیخ ماضی میں جموںوکشمیر پولیس کے ساتھ منسلک تھاجو دو دیگر نوجوانوں کے ساتھ بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ماراگیا۔ ادھر مقبوضہ علاقے میں 169ویں روز بھی فوجی محاصرہ اور لاک ڈائون جاری رہا اور بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبا ت سے قبل نام نہاد سیکورٹی کے نام پر پابندیوںکو مزید سخت کردیاگیا ہے۔ سرینگر سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکورٹی چوکیاں قائم کی گئی ہیں جہاں بھارتی فوجی گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیاں لے رہے ہیں اور گاڑیوںکے کاغذات چیک کیے جارہے ہیں۔اسلام آباد میں جموں کی حریت پسند تنظیموں کے اجلاس میںغیر مسلم برادری کے ارکان کو جاری جدوجہد آزادی کشمیرمیں شامل کرنے کیلیے کوششیںتیز کرنے پر زوردیاگیا ہے۔ لندن میں مقیم کشمیری رہنمائوں عبدالمجید ترمبو اور پروفیسر نذیر احمد شال نے اپنے بیانات میں نام نہاد انتہاپسندی کے رحجانات کو ختم کرنے کیلیے عقوبت خانوںکی موجودگی کے بارے میں بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کے حالیہ اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران بھارتی فوجیوں کی طر ف سے اغواکے بعد لاپتا کیے جانیوالے کشمیریوں خاص طورپر نوجوانوںکامعلوم کرنے کیلیے تحقیقات کرے۔