آٹے کے بحران نے حکمرانوں کی نااہلی کا پول کھول دیاہے،راناطٰہ

109

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی113 کے امیرراناطٰہ خاں،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمد انور، نائب امیر میاںاعجازحسین،الطاف حسین، میاں عتیق الرحمن اور میاںمحمدشفیق ودیگرنے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک میں آٹے کے بحران نے حکمرانوں کی لاعلمی اور نااہلی کا پول کھول دیاہے۔ڈیڑھ سال میں ہر چیز اوپر گئی، اگر کوئی چیز نیچے آئی ہے تو وہ آمدن ہے۔ موجودہ حکومت کی نحوست کی وجہ سے ملک سے خیر و برکت اٹھ گئی ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی کے اندھیروں نے ملک کو چاروں طرف سے گھیر لیاہے۔ اناج میں کمی، آٹا سمیت خوراک کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب کی کمر توڑ دی ہے۔آٹے کے بحران اور مہنگائی نے مزدور کو بستر مرگ پر پہنچا دیاہے۔ موجودہ حکومت نے 15 ماہ میں عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ہیں ۔ حکومت نے مہنگائی پر قابو پانے کی کوشش نہ کی تو عوام اسے زیادہ دیر برداشت نہیں کریں گے۔ حکومت میں آنے سے پہلے عمران خان کہتے تھے کہ جو حکومت ڈیلیور نہ کر پا رہی ہو اس حکومت کو ٹیکس یا بل نہیں دینا چاہیے۔ آج ان کی حکومت ڈیلیور نہیں کر پا رہی تو کیا اس حکومت کو ٹیکس یا بل دیا جانا جائز ہے؟ ۔ ایک طرف حکومت آٹا، چینی، گھی، دالیں اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے تو دوسری طرف وزرا عوام کی بے بسی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ ان شہزادوں کے دلوں میں غریب کے لیے کوئی درد نہیں ہے۔