ناقص زرعی پالیسیوں کی وجہ سے گندم کی پیدوار میں کمی ہوئی ہے

113

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی حلقہ پی پی 112کے امیررائے محمدجاویدنے کہا ہے کہ ایک سال میں شوگر ملز مافیا نے 155 ارب روپے سے زائد اپنی جیبوں میں بھرے ہیںجس کے باعث چینی کی قیمتوں میں 50 فیصد اضافہ ہواہے۔ انہوںنے کہاکہ آٹے اور گندم کا بحران پیدا ہونے پر ایک تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے جو پتا لگائے کہ یہ بحران کیسے پیدا ہوا ہے۔ اس سازش میں ملوث افراد کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور گندم کی پیداوار میں بھی خود کفیل ہوگیا تھا لیکن موجودہ حکومت کی بدتدبیری نے ملک میں آٹے کے بحران کو جنم دیا ہے۔ دس لاکھ ٹن گندم کو مرغیوں کی خوراک میں شامل کر دیا گیا۔ کئی لاکھ ٹن گندم باہر بھجوا دی اور ناقص زرعی پالیسیوں کی وجہ سے 20 لاکھ ٹن گندم کی پیدوار میں کمی ہوئی ہے اب تو پاکستان کے عوام جھولیاں اٹھا اٹھا کر کہہ رہے ہیں کہ ہمیںنیا پاکستان نہیں چاہیے ہمیں پرانا پاکستان ہی لوٹادو۔ رائے جاویدنے کہاکہ عوام ملک میں نئے کارخانے چاہتے ہیں لیکن حکومت لنگر خانے بنا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف تحریک چلائے گی۔ جماعت اسلامی عوام کے دکھ درد کو اپنا دکھ سمجھتی ہے۔ انشاء اللہ جماعت اسلامی بر سر اقتدار آ کر عوام کو تعلیم و صحت مفت اور خوراک ارزاں قیمت پر فراہم کرے گی۔