اے این پی کا پشتون قیادت پر مشتمل گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان

111

پشاور (نمائندہ جسارت) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے پختونوں کو درپیش مسائل سے متعلق تمام پشتون قیادت پر مشتمل گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان کردیا جس کی ذمے داری پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی اور مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین کو سونپ دی ہے۔ نوشہرہ میں باچاخان اور ولی خان کی برسی کی مناسبت سے ہفتے کوباچاخان کے پہلے گرینڈ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے نئے ضم شدہ اضلاع کے مسائل اور حقوق کے بارے میں بھی باچاخان مرکز میں گرینڈ جرگہ بلانے کا اعلان کیا جس میں ضم شدہ اضلاع کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیار ولی خان نے کہا کہ انضمام کے بعد نئے اضلاع میں ظلم کا سلسلہ جاری ہے اور غریب لوگوں کے حقوق غصب کیے جا رہے ہیں‘ احتساب کا دوہرا معیار ہے جس کی رو سے آصف زرداری کی بہن اور نواز شریف کی بیٹی کو تو بلایا جاتا ہے لیکن کپتان کی بہن کو کوئی کچھ نہیں کہتا۔ 18 ویں ترمیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرکزی صدر اے این پی نے کہا کہ آج بہت سے لوگ اس ترمیم کو ختم کرنے کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں مگر وہ سب جان لیں کہ اس ترمیم کو کسی کا باپ بھی نہیں چھیڑ سکتا۔
گرینڈ جرگہ